فیلڈ مارشل اور انتونیو گوتریس کی ملاقات، کشمیر، سندھ طاس معاہدہ، افغان دہشت گردی پر بات چیت

انتونیو گوتریس جی ایچ کیو پہنچے، خطے کی سیکیورٹی صورتحال، عالمی امن میں اقوام متحدہ کے کردار پر بھی گفتگو


ویب ڈیسک October 07, 2026

راولپنڈی:

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات ہوئی ہے جس میں علاقائی استحکام، مسئلہ کشمیر، سندھ طاس معاہدے اور افغان دہشت گردی پر بات ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ملاقات جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور عالمی امن و سلامتی کے فروغ میں اقوام متحدہ کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران علاقائی استحکام، مسئلہ کشمیر، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے پر عملدرآمد روکنے اور افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بین الاقوامی امن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے کردار اور خدمات کو اجاگر کیا۔

آرمی چیف نے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی قیادت میں امن، استحکام اور انسانی تعاون کے فروغ کے لیے اقوام متحدہ کے کردار کو سراہا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان اور پاک فوج کی قربانیوں اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

انتونیو گوتریس نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم کو بھی سراہا اور علاقائی تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کی خصوصی طور پر تعریف کی۔

بیلاروس کی سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری سے ملاقات

بیلاروس کے سیکیورٹی کونسل کے اسٹیٹ سیکریٹری لیفٹیننٹ جنرل الیگزینڈر وولفوویچ کی سربراہی میں اعلیٰ سطح وفد نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا اور آرمی چیف و چیف اف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں علاقائی و عالمی سیکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دفاعی و سیکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بیلاروس کے ساتھ دفاعی و سیکیورٹی تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا جبکہ بیلاروس کے اسٹیٹ سیکریٹری سیکیورٹی کونسل نے باہمی دفاعی و سیکیورٹی تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

بیلاروسی وفد نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی جبکہ دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے امور اور دفاعی تعاون کے موجودہ دائرہ کار کو مزید وسعت دینے پر بھی زور دیا گیا۔