لاہور ہائیکورٹ نے کیمرے لگی عینکوں کی فروخت پر پابندی کے لیے دائر درخواست پر چیئرمین پی ٹی اے، سیکریٹری کامرس، سیکریٹری داخلہ سمیت دیگر حکام کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم نے خاتون نادرہ بی بی کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے شہرام ساقی ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ وفاقی سیکریٹری کامرس، سیکریٹری داخلہ، چیئرمین بورڈ آف ریونیو اور ممبر کسٹمز نے عدالت میں جواب داخل نہیں کرایا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مارکیٹ میں بڑی بڑی شاپس اور سپر اسٹورز پر کیمرے لگی عینکیں فروخت ہورہی ہیں، ان گلاسز کے ذریعے ہر قسم کی خفیہ ریکارڈنگ ممکن ہے اور یہ عینکیں سیکیورٹی رسک ہیں۔
درخواست گزار کے مطابق کیمرے لگی عینکوں کی فروخت کے لیے کسی حکومتی ادارے سے منظوری نہیں لی گئی۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ سیکیورٹی رسک کی حامل ان عینکوں کی فروخت پر فوری پابندی عائد کرنے کا حکم دیا جائے۔