راولپنڈی: خالو کے گھر میں مبینہ زیادتی کے بعد قتل کم عمر بچی کا مقدمہ سی ڈی کو سونپنے کا فیصلہ

ڈھوک نجو میں کم عمر لڑکی کے قتل کی تفتیش کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے


ویب ڈیسک October 09, 2026

راولپنڈی کے علاقے ڈھوک نجو میں خالو کے گھر میں مبینہ زیادتی کے بعد قتل ہونے والی کم بچی کے مقدمہ کی تفتیش سی سی ڈی کو سونپنے کا فیصلہ کرلیا گیا، مقدمے میں نامزد ملزم تاحال گرفتار نہیں ہوسکا۔

ذرائع کے مطابق ڈھوک نجو میں کم عمر لڑکی کے قتل کی تفتیش کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مقدمے کی منتقلی کے قانونی امور آج مکمل کرلیے جائیں گے جبکہ ملزم ممریز کی گرفتاری کے لیے بھی سی سی ڈی کی ٹیمیں کارروائی کریں گی۔

نامزد ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس کی چار ٹیمیں تشکیل دے کر خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھجوائی گئی تھیں تاہم ملزم تاحال گرفتار نہیں ہوسکا۔ گھر سے مدرسے جانے والی کم عمر لڑکی کے قتل کا مقدمہ تھانہ پیرودہائی میں درج ہے۔

ابتدائی طور پر اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں گزشتہ روز قتل کی دفعہ بھی شامل کی گئی۔ گزشتہ روز سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں نامزد ملزم ممریز کو مقتولہ لڑکی سے گلی میں ملتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا۔