محکمہ موسمیات نے اگلے دو روز کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی ہے اور اس دوران کمزور انفرا اسٹرکچر، بجلی کے کھمبوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ویک اینڈ سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جو 15 اکتوبر تک برقرار رہے گا، جس کے زیر اثر پنجاب اور اسلام آباد میں 10، 11، 13 اور 14 اکتوبر کو تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں 10 سے 15 اکتوبر کے دوران بارش کا امکان ہے، بلوچستان میں ژوب، بارکھان اور موسیٰ خیل میں چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آندھی، جھکڑ اور ژالہ باری کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے، کمزور انفرا اسٹرکچر، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز، سولر پینلز اور گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
مزید بتایا گیا کہ میدانی علاقوں میں کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی امکان ہے، اس دوران درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری کمی متوقع ہے۔