لاہور:
آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عوام کو سستے آٹے اور گندم کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے صورتحال کا فوری جائزہ لینے کے لیے خصوصی ہنگامی ویڈیو لنک اجلاس طلب کیا، جس میں آٹے کی قیمتوں اور عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں فلور ملوں کو فراہم کی جانے والی سبسڈائزڈ سرکاری گندم کا کوٹہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ فلور ملوں کو یہ گندم 3800 روپے فی من کے حساب سے فراہم کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے سستے آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے 10 ارب روپے کی سبسڈی دینے کی تجویز منظور کر لی، جس پر اجلاس میں اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مارکیٹ میں آٹے اور گندم کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے کے رجحان پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو سستے آٹے کی فراہمی اور ترسیل ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے عوام پر مہنگائی کا بوجھ ان کے لیے بے حد تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کو سستے آٹے اور سستی روٹی کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو عوام تک سستا آٹا پہنچانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کی ہدایت بھی کی۔