لاہور:
پنجاب میں بارشوں، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگیا ہے، جس کے باعث آج سے 14 اکتوبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارش ہونے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 11، 13 اور 14 اکتوبر کو لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال اور میانوالی میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔
اسی طرح 11 اور 13 اکتوبر کو فیصل آباد، خوشاب، بھکر، سرگودھا، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب لاہور میں رات گئے سے ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس سے گرمی کی شدت میں کمی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔ بارش کے بعد واسا کی ہدایت پر نکاسی آب کے لیے عملہ فیلڈ میں موجود ہے جبکہ کنٹرول روم کے ذریعے مختلف علاقوں میں نکاسی آب کے انتظامات کی نگرانی کی جارہی ہے۔ ایم ڈی واسا غفران احمد کے مطابق فیلڈ اسٹاف کو متحرک رکھا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے صوبے کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کو بھی احتیاطی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بارش اور آندھی کے دوران بوسیدہ اور کچے مکانات میں رہنے سے گریز کریں، غیر ضروری سفر نہ کریں اور خراب موسم میں محفوظ مقامات پر رہیں۔ آسمانی بجلی چمکنے کی صورت میں کھلے مقامات سے دور رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
شہریوں کو تاکید کی گئی ہے کہ بچوں کو نشیبی علاقوں میں جمع پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب نہ جانے دیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔