’لوگ ترکیہ کی مثال بھول جائیں گے‘، ایمرجنسی یا گورنر راج کے حوالے سے سہیل آفریدی کا بیان سامنے آگیا

وزیراعلی نے کہا کہ ایمرجنسی یا گورنر راج کے اعلان کے بعد لوگ ترکی کی مثال دینا بھول جائیں گے۔


ویب ڈیسک October 11, 2026

خیبرپختونخوا کی بدلتی سیاسی صورتحال وزیراعلی سہیل آفریدی کا موقف سامنے آگیا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہماری ڈیمانڈز ماننے کے علاوہ اور کوئی آپشن ہی نہیں، ایمرجنسی یا گورنر راج کا اعلان کیے بغیر ایسی حرکتیں کرنا بغاوت میں آتا ہے،  جگر گردہ پیدا کریں اور اعلان کریں۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ  ہم اپنے آئینی و قانونی ڈیمانڈز سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے،  آئین قانون کے مطابق ہمارا لانگ مارچ ڈیمانڈز کے پورا ہونے تک جاری رہے گا۔

وزیراعلی نے کہا کہ ایمرجنسی یا گورنر راج کے اعلان کے بعد لوگ ترکی کی مثال دینا بھول جائیں گے۔

اس کے علاوہ سہیل خان آفریدی نے تمام متعلقہ سرکاری افسران کو ہدایت کی  کہ آئینِ پاکستان 1973 کے تحت شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ شہریوں کو پُرامن اجتماع، آزادیٔ اظہار اور نقل و حرکت کے آئینی حقوق کے استعمال میں کسی غیرقانونی یا غیرآئینی رکاوٹ کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ تمام سرکاری افسران اپنے فرائض آئین، قانون اور مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل غیرجانبداری اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں۔ کسی بھی افسر کو کسی بیرونی دباؤ، اثرورسوخ یا غیرمتعلقہ ہدایات کے تحت کام نہیں کرنا چاہیے۔

امن و امان اور عوامی تحفظ کے لیے ضروری اقدامات قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے، بلاامتیاز اور کسی سیاسی وابستگی یا مصلحت سے بالاتر ہو کر کیے جائیں۔ متعلقہ افسران کو ان ہدایات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے اور اپنے ماتحت اداروں تک پہنچانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔