اسلام آباد:
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے مبینہ فراڈ کے بعد انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کی سابقہ طالبہ کی خودکشی کیس میں ملزم نعمان کو 5 دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ زنیرہ ظفر کی عدالت میں ملزم کو چہرہ ڈھانپ کر پیش کیا گیا۔ پولیس کی جانب سے 10 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔
تفتیشی افسر نے موقف اپنایا کہ مقدمہ کے تمام حقائق اور واقعات کی مکمل جانچ ضروری ہے، دستیاب شواہد اور ابتدائی تفتیش کی روشنی میں مزید تفتیش مطلوب ہے، وقوعہ میں ملزم کے مبینہ کردار کی تعین اور شواہد کی تصدیق کی جانی ہے، ملزم سے متعلقہ اشیاء اور دیگر ممکنہ شہادتوں کی تصدیق کی جائے گی۔
واضح رہے کہ لائبہ نامی طالبہ کی اسلام آباد میں درخت کے ساتھ لٹکی لاش ملی تھی، جس پر ملزم کے خلاف تھانہ رمنا میں مقدمہ درج ہے۔
دوسری جانب، طالبہ لائبہ اعجاز کیس میں یونیورسٹی کا ریکارڈ بھی سامنے آگیا۔
دستاویز کے مطابق لائبہ اعجاز کی 2019 میں انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں رجسٹریشن ہوئی، فزکس ڈیپارٹمنٹ میں بی ایس فزکس کی ڈگری میں داخلہ لیا۔
ریکارڈ میں بی ایس فزکس کی ڈگری مکمل کرنے کا اسٹیٹس ہے، یونیورسٹی ریکارڈ میں طالبہ کا گھر کا ایڈریس اور شناختی کارڈ نمبر بھی درج ہے۔ ریکارڈ کے مطابق لائبہ اعجاز اب یونیورسٹی میں زیر تعلیم نہیں تھی۔