میں بھولوں گا نہیں؛ حوثیوں کو مڈٹرم الیکشن کے بعد دیکھ لوں گا؛ ٹرمپ کی دھمکی

حوثی پیٹرول کی قیمتیں بڑھانے کیلیے ایران کے کہنے پر سعودیہ پر حملے کر رہے ہیں؛ امریکی صدر


ویب ڈیسک October 13, 2026
ٹرمپ کی حوثیوں کو دھمکی، ’انتخابات کے بعد نہیں بھولوں گا (اے آئی فوٹو)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یمن کے حوثیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب پر حملے کرکے تیل کی قیمتیں بڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے اور وہ امریکی انتخابات کے بعد اس معاملے کو نہیں بھولیں گے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بات سوشل میڈیا پر اپنی ایک پوسٹ میں کہی۔ انھوں نے حوثیوں کے حالیہ حملوں کو انتہائی نامناسب قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ یہ کارروائیاں ممکنہ طور پر ایران کے کہنے پر کی جارہی ہیں۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایک سال قبل امریکی بمباری کے بعد حوثیوں نے خود ہی مجھ سے جنگ بندی کی درخواست کی تھی اور پھر وہ طویل عرصے تک خاموش رہے تھے لیکن اب دوبارہ سرگرم ہوگئے ہیں۔

صدر ٹرمپ کے بقول حوثی غالباً ایران کے کہنے پر دبارہ سرگرم ہوئے ہیں جو کہ ایک ناکام ملک ہے جس کے پاس کوئی بحریہ نہیں، کوئی فضائیہ نہیں، دنیا کی بدترین معیشت اور 301 فیصد تک مہنگائی ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ حوثی بہت برے طریقے سے سعودی عرب کو نشانہ بنا رہے ہیں، وہ مڈٹرم الیکشن سے پہلے تیل کی قیمتیں بڑھانا چاہتے ہیں یہ بالکل اچھی بات نہیں ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ کسی کو انھیں سمجھانا چاہیے کہ میں انتخابات میں حصہ نہیں لے رہا میں تو پہلے ہی ایک بہت بڑی اور تاریخی کامیابی حاصل کر چکا ہوں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی آمیز لہجے میں کہا کہ وسط مدتی انتخابات میں کامیابی کے بعد میں وہاں ہوں گا اور میں کبھی نہیں بھولوں گا جو حوثی ابھی کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان لڑائی شدت اختیار کرگئی ہے۔ ریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حوثیوں کے حملے میں پائلٹ سمیت 13 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد زخمی ہوئے۔