اداکارعلی جاوید دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے

عمر 53 برس تھی، فلم، ٹی وی اور تھیٹر میں بہت سے یادگار کردار ادا کیے


Showbiz Reporter September 25, 2012
عمر 53 برس تھی، فلم، ٹی وی اور تھیٹر میں بہت سے یادگار کردار ادا کیے. فوٹو فائل

فلم، ٹی وی اوراسٹیج کے معروف اداکارعلی جاوید 53 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے وفات پاگئے۔

انھیں سیکڑوں افراد کی موجودگی میں گوجرانوالہ کے مقامی قبرستان میںسپردخاک کردیا گیا۔

مرحوم نے اپنے طویل فنی سفر کے فلم، ٹی وی اورتھیٹر میں بہت سے یادگارکردار ادا کیے جب کہ بیرون ممالک ہونیوالے اسٹیج ڈراموں اورمیوزک پروگراموں میںبھی اپنی میوزیکل کامیڈی سے لوگوں کو قہقہے لگانے پرمجبورکردیا۔

تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے علی جاوید نے عطاء محمد اسکول سے ابتدائی تعلیم حاصل کی اورزمانہ طالبعلمی میں ہی ان کی دلچسپ گفتگواورمختلف معروف شخصیات کی پیروڈی سے جہاں ان کے ساتھی طالبعلم محظوظ ہوتے تھے وہیں۔

ان کے اساتذہ بھی ان کی منفرد فنکارانہ صلاحیت پرمشورہ دیتے تھے کہ انھیں اپنی اس صلاحیت کومستقبل میں اپنانا چاہیے ۔

علی جاوید نے اداکار ببوبرال، مستانہ، سہیل احمد، اشرف راہی سمیت دیگرفنکاروں کے ساتھ ہی فنی سفرشروع کیا اورفخری احمد مرحوم نے انھیں گوجرانوالہ میں پیش کیے جانے والے اسٹیج ڈراموں میں پرفارمنس دیکھنے کے بعد لاہور میں متعارف کروایا۔ یہاں آنے کے بعد علی جاوید نے تھیٹر کے ساتھ ٹی وی کے پروگراموں اورفلموں میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔

فلمی دنیا میں لیجنڈکامیڈین رنگیلا نے ان کی بہت رہنمائی کی اوران کو اپنے ساتھ متعدد فلموں میں اہم کردار بھی دلوائے۔ فلم ''کوڈے شاہ'' میں علی جاوید کا بہترین کردار دیکھنے کے بعد رنگیلا مرحوم کا کہنا تھا کہ فلم انڈسٹری کوایک اوررنگیلا مل گیا ہے۔

علی جاوید نے موسیقی کی باقائدہ تعلیم استاد دلاور سے حاصل کی تھی لیکن وہ اپنے اس سریلے انداز کے ساتھ استاد مجید بٹ کی پیروڈی پیش کیا کرتے تھے جس پرانھیں ساتھی فنکاروں سے داد اورانعام توملتا لیکن استاد مجید بٹ بھی اپنی پیروڈی دیکھ کرعلی جاوید کوانعام سے نوازا کرتے تھے۔

اسی طرح علی جاوید نے ٹی وی پرپیش کیے جانے والے کامیڈی کے مقابلوں میں حصہ لیا اوراپنی منفرد پرفارمنسزسے نمایاں پوزیشن حاصل کیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں