خواتین اور بچوں کے خلاف جنسی جرائم اور تشدد میں ملوث 9 ملزمان گرفتار

والدین کی بروقت توجہ بچوں کو جرائم اور استحصال سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز


ویب ڈیسک October 17, 2026
فوٹو: فائل

خواتین اور بچوں کے خلاف جنسی جرائم اور تشدد کے 9 مقدمات میں مطلوب ملزمان کو لاہور پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق نیو انار کلی پولیس نے بچے سے بدفعلی کے الزام میں ملزمان حسیب اور عمران کو گرفتار کرلیا، جبکہ ڈیفنس سی پولیس نے لڑکی سے زیادتی کے الزام میں ملزم زوار حسین کو گرفتار کیا۔

شالیمار پولیس نے ماں اور بیٹی پر تشدد کرنے کے الزام میں ملزم عامر علی کو گرفتار کرلیا، جبکہ گرین ٹاؤن پولیس نے اپنی والدہ کو تشدد اور زدوکوب کرنے کے الزام میں ملزم محمد ندیم کو گرفتار کیا۔ بادامی باغ پولیس نے بھابی کو گالم گلوچ کرنے کے الزام میں ملزم واحد علی کو گرفتار کرلیا۔

باٹا پور پولیس نے خاتون کے ساتھ بدتمیزی اور زدوکوب کرنے کے الزام میں ملزم بلال کو گرفتار کیا، جبکہ مصری شاہ پولیس نے لڑکی کے ساتھ گالم گلوچ اور زدوکوب کرنے کے الزام میں ملزم زبیر غوری کو گرفتار کرلیا۔ شاد باغ پولیس نے خواتین کے ساتھ بدتمیزی اور گالیاں دینے کے الزام میں ملزمان اظہر اور محمد کاشف کو گرفتار کیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے اور ان کا تحفظ لاہور پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ والدین کی بروقت توجہ بچوں کو جرائم اور استحصال سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔