وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے ہم جنس شادی کیلیے تھائی لینڈ جانے والے دو پاکستانی مسافروں کو کراچی ایئرپورٹ پر آف لوڈ کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن ڈیپارٹمنٹ نے کراچی ایئرپورٹ پر سفری مقاصد کی مزید جانچ پڑتال کے دوران تھائی لینڈ جانے والے دو پاکستانی مسافروں کو آف لوڈ کیا جن کا تعلق پنجاب کے دو مختلف علاقوں سے ہے۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق دونوں مسافر سیاحتی ویزوں پر تھائی لینڈ جا رہے تھے، تاہم ان کے سفری مقاصد اور ممکنہ طور پر وہاں سے آگے یورپ جانے کے ارادے کے حوالے سے مزید تحقیقات کی ضرورت محسوس کی گئی۔
آف لوڈ کیے جانے والے مسافروں میں مظفرگڑھ کا رہائشی شاہد اور سیالکوٹ کا رہائشی خلیل شامل ہیں، جو پاکستانی پاسپورٹس پر سفر کر رہے تھے۔
امیگریشن حکام کی جانب سے دورانِ جانچ پڑتال دونوں مسافروں سے ان کے سفر کے مقصد کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی تو مسافر شاہد نے حکام کو بتایا کہ وہ طویل عرصے تک یورپ میں مقیم رہا ہے اور خلیل کے ہمراہ تھائی لینڈ جا کر ہم جنس شادی کرنا چاہتا ہے، جسے بعد ازاں یورپ میں رجسٹر کروانے کا ارادہ رکھتا ہے۔
ترجمان کے مطابق دوسرے مسافر خلیل نے بھی دورانِ تفتیش بیان کردہ سفری مقصد کی تصدیق کی۔ خلیل نے بتایا کہ اس کی شاہد سے 2017 میں ملاقات ہوئی تھی، جس کے بعد دونوں مسلسل رابطے میں رہے،اس نے یہ بھی بیان دیا کہ شاہد اسے ماہانہ تقریباً 60 ہزار روپے مالی معاونت فراہم کرتا رہا ہے اور دونوں یورپ میں اکٹھے رہنے کے خواہش مند ہیں۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق دونوں مسافروں کے بیانات، تھائی لینڈ کے سیاحتی دورے کے مقصد اور ممکنہ طور پر آگے یورپ جانے کے ارادے کے تناظر میں مزید جانچ پڑتال ضروری سمجھی گئی، جس کے بعد انہیں آف لوڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ امیگریشن حکام مسافروں کے سفری دستاویزات اور بیان کردہ سفری مقاصد کی متعلقہ قوانین اور ضابطہ کار کے مطابق جانچ پڑتال کرتے ہیں۔