انگلینڈ اور بھارت کے میچ میں بکیز کا آلہ کار پکڑا گیا

2 لیپ ٹاپ وموبائل فون سے معلومات منتقل کرنے والے شخص کو اسٹیڈیم سے نکال دیا گیا


Sports Desk August 30, 2014
دیگر 3 مقابلوں میں سیکیورٹی بڑھاتے ہوئے منفی عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔ فوٹو: بی سی سی آئی/فائل

انگلینڈ اور بھارت کے مابین دوسرے ون ڈے میں بکیز کا آلہ کار پکڑا گیا۔

2 لیپ ٹاپ اور موبائل فون کے ذریعے معلومات منتقل کرنے والے شخص کوا سٹیڈیم سے نکال دیا گیا، دیگر میچز کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق انگلینڈ اور بھارت کے مابین دوسرے ون ڈے کے دوران ایک شخص کو بکیز کا آلہ کار ہونے کا شک ہونے پر اسٹیڈیم سے باہر کردیا گیا، وہ 2 لیپ ٹاپ اور موبائل فون کی مدد سے مہمان ٹیم کی بیٹنگ کے دوران لمحہ بہ لمحہ معلومات بھارتی بکیز کے نیٹ ورک کو فراہم کررہا تھا، یاد رہے کہ ٹی وی پر براہ راست نشر ہونے والے کرکٹ مقابلوں میں چند سیکنڈز کا فرق بھی بکیز کو مذموم مقاصد پورے کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے، حاصل ہونے والی معلومات انھیں سٹے بازی میں زیادہ کمائی کے حربے اختیار کرنے کیلیے کافی ثابت ہوتی ہیں۔

اس طریقہ کار کو ''کورٹ سائیڈنگ'' کا نام دیا جاتا ہے۔ انگلش کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ نے اس بات کی تصدیق کردی کہ ساز و سامان سے لیس مشکوک شخص ٹکٹ شرائط کی خلاف ورزی میں ملوث تھا، اس لیے اسے میدان بدر کردیا گیا، سیریز کے دیگر 3 مقابلوں میں سیکیورٹی بڑھاتے ہوئے ایسے عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔ پروفیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو انگس پورٹر کا کہنا ہے کہ کورٹ سائیڈنگ کرنے والے کئی افراد پکڑے جاتے رہے ہیں، ایسی سرگرمیاں میدان میں جاری میچ پر نظر انداز نہ ہوں تو بھی ان کی وجہ سے کرپشن کے عمل میں ایک طرح کی معاونت ضرور ملتی ہے، ٹی وی کی نشریات بھارتی ناظرین تک پہنچنے سے قبل ہی معلومات کی فراہمی سے سٹے باز خاص طور پر فائدہ اٹھاتے ہیں، اس رجحان کی حوصلہ شکنی کیلیے مزید کام کرنا چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں