کراچی فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں متحدہ کے کارکن سمیت 9 افراد ہلاک

متحدہ کا کارکن اورنگی میں جبکہ پولیس اہلکار سہراب گوٹھ میں نشانہ بنا، شاہ فیصل میں کالعدم تنظیم کا کارکن، چاکیواڑہ۔۔۔


Staff Reporter August 30, 2014
میمن گھوٹھ، سکھن اور لیاری سے 3 دوستوں سمیت 4 افراد کی بوری بندل اشیں ملیں، لیاقت آباد میں فائرنگ سے زخمی ہونے والا چل بسا۔ فوٹو: فائل

شہرکے مختلف علاقوں میں فائرنگ اورتشددکے واقعات میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق اورنگی کے علاقے سیکٹر 9 قطر موڑ کے قریب ایرانی پٹرول کے اسٹال پرنامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ 55 سالہ غلام نبی بخش عرف بھیا،50 سالہ محمدعقیل خان اور 50 سالہ ارشاد زخمی ہوگئے،زخمی ہونے والے غلام نبی کوقطراسپتال جبکہ دیگر 2 زخمیوں کوعباسی شہیداسپتال پہنچایا گیا، غلام نبی دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیاجبکہ دیگر دونوں زخمیوں کی حالت بھی تشویشناک ہے۔جاں بحق غلام نبی متحدہ قومی موومنٹ کاکارکن تھا۔

شاہ فیصل کالونی نمبر 2 ریلوے لائن سے متصل سروس روڈپربسم اﷲ بریانی سینٹرکے سامنے نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے موٹرسائیکل سوار 32 سالہ حافظ قاری ندیم احمد ہلاک ہوگیا، مقتول شاہ فیصل کالونی نمبر 2 کارہائشی اور سندھ سیکریٹریٹ میں ملازمت کرتا تھا اور کالعدم تنظیم حرکت المجاہدین کا کارکن تھا۔ لیاقت آبادڈاکخانہ کے قریب بی ایریامیں واقع حجام کی دکان پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہونیوالا 30 سالہ محمد بابر دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے جاں بحق ہوگیا۔ میمن گوٹھ کے علاقے ملیر جام گوٹھ داد رحیم سٹی کے سامنے کچراکنڈی سے 2 افراد کی بوری بندلاشیں ملیں، مقتولین کو نامعلوم ملزمان نے اغوا کرکے ہاتھ پاؤں باندھ کر تشدد کانشانہ بنانے کے بعدفائرنگ کرکے ہلاک کیا۔

بعد ازاں مقتولین کی شناخت 30 سالہ محمد رفیق اور 32 سالہ نذیر احمد بلوچ کے نام سے کرلی گئیں۔ شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے سکھن ندی دریا آباد اﷲ والا چوک سے ایک شخص کی ہاتھ پاؤں بندھی تشددزدہ بوری بند لاش ملی جس کی شناخت 30 سالہ پرویزکے نام سے کرلی گئی،مقتول بھی ملیر لال محمد گوٹھ کا رہائشی اور 2 سال قبل پرانا گولیمار سے مزکورہ علاقے میں منتقل ہوا تھا۔ پولیس کے مطابق میمن گوٹھ اور شاہ لطیف سے ملنے والی 3 لاشیں ایک ہی سلسلے کی کڑی ہیں ، تینوں آپس میں دوست تھے جنھیں ملزمان نے ایک ہی وقت میں ایک ساتھ اغوا کیا تھا، پولیس نے خدشہ ظاہر کیا کہ قتل کی واردات میں لیاری گینگ وار کے گروپ ملوث ہیں۔لیاری جی الانہ روڈٹی پی ایکس تھانے سے متصل نالے سے ایک شخص کی لاش ملی جس کی شناخت 30 سالہ شاہ ولی کے نام سے کر لی گئی، مقتول سہراب گوٹھ افغان کیمپ کا رہائشی اور افغان نژاد باشندہ تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ شاہ ولی کو لیاری گینگ وار وسیع اﷲ لاکھو گروپ نے مخبری کے شبے میں قتل کیاہے۔پرانی سبزی منڈی شاہ محل سینماکے قریب نامعلوم ملزمان نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 20 سالہ عقیل کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔ رات گئے ملنے والی اطلاعات کے مطابق سہراب گوٹھ کے علاقے میں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے پولیس اہلکار 45 سالہ لطف اللہ جاں بحق ہوگیا، مقتول سچل تھانے کی چوکی الآصف اسکوائرمیں تعینات اور سہراب گوٹھ تھانے میں قائم پولیس کوارٹرز کا رہائشی تھا۔کلاکوٹ تھانے کی حدود چاکیواڑہ نمبر 2 میں ناگبان مسجدکے باہر فائرنگ سے 35 سالہ شعیب حسین بلوچ ہلاک ہوگیا، مقتول عذیر بلوچ گروپ کا کارندہ اورعلاقے کا ہی رہائشی تھا۔ملیر کے علاقے جعفر طیار سوسائٹی میں فائرنگ سے 35 سالہ تبسم اعظم جبکہ پریڈی کے علاقے میں 28 سالہ کلیم عرف کاشف زخمی ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔