کوئٹہ میں فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق گرینیڈ حملے میں 2 اہلکار زخمی

سریاب روڈ پرگوشت کی دکان پر فائرنگ کی گئی،رئیسانی روڈ پر بی سی اہلکار نشانہ بنا ،فائرنگ سے شہید صحافی ارشاد۔۔۔


عبدالرؤف ریگی کو کوئٹہ میں قتل کیا گیا، عرب ٹی وی، ایران نے قتل کرایا، سنی بلوچ تنظیم، ’جنداللہ‘ کے سربراہ عبدالمالک ریگی کو ایران میں پھانسی دی گئی تھی۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر واقع گوشت کی دکان پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے تین افراد کو قتل کر دیا اور فرار ہوگئے۔

پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ ادھر کوئٹہ رئیسانی روڈ پر جمعہ کی دوپہر بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکاروں پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا جس سے دو اہلکار اشفاق احمد اور امجد خان زخمی ہوگئے، پولیس نے تحقیقات شروع کردی۔ جمعرات کو کوئٹہ میں آن لائن کے بیورو آفس پر ہونے والے دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے سینئر صحافی ارشاد مستوئی، رپورٹر عبدالرسول اور اکاؤنٹنٹ محمد یونس کی نماز جنازہ بالترتیب جیکب آباد سبی اور کوئٹہ میں جمعہ کو ادا کی گئی جس کے بعد انہیں ان کے آبائی قبرستانوں میں دفن کردیا گیا۔

اس موقع پر رقت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے شہید ارشاد مستوئی کے دوست اور صحافی ایک دوسرے سے لپٹ کر روتے رہے، دریں اثناء تہران سے این این آئی کے مطابق ایران کیخلاف سرگرم بلوچ عسکریت پسند تنظیم جیش النصرکے سربراہ عبدالرؤف ریگی کو گذشتہ روز کوئٹہ میں قتل کر دیا گیا۔

عرب ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ عبدالرؤف ریگی پر حملہ کوئٹہ میں کیا گیا، سنی بلوچ تنظیم نے ریگی پر حملے کی ذمہ داری ایران پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ تہران ہی ماضی میں بھی ان کی تنظیم کے قائدین کو قتل کراتا رہا ہے۔ خیال رہے کہ ایران مخالف بلوچ تنظیم 'جنداللہ' کے سربراہ عبدالمالک ریگی کو ایران میں پھانسی دیے جانے کے بعد عبدالرؤف ریگی اہم ترین نوجوان کمانڈر کے طور پر ابھرے تھے،گذشتہ مئی میں انہوں نے 'النصر آرمی' کے نام سے ایک نئی تنظیم قائم کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔