کراچی:
اقوام متحدہ کی انڈسٹریل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے تعاون سے سندھ کی ترقی کے منصوبوں پر پیش رفت سامنے آ گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا اقوام متحدہ کی انڈسٹریل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (UNIDO) کے اعلیٰ سطح کے وفد کے ساتھ اہم اجلاس ہوا، جس میں وزیر برائے محنت سعید غنی، وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی جام خان شورو، معاونِ خصوصی برائے سرمایہ کاری قاسم نوید، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، سیکریٹری ٹو سی ایم آصف جمیل، سیکریٹری سماجی تحفظ خادم چنہ، ایڈیشنل سیکریٹری سرمایہ کاری ظہور مری اور دیگر شریک ہوئے۔
علاوہ ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل اینڈ منیجنگ ڈائریکٹر فاتو حیدرہ کی سربراہی میں یو این آئی ڈی او وفد میں ایشیا پیسیفک ریجن کے سربراہ جی ژاؤ، قائم مقام سربراہ بدرالاسلام اور پائیدار کے قومی تکنیکی مشیر فاروق احمد صدیقی اور دیگر شامل تھے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور یو این آئی ڈی او کا صوبے کی ترقی کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا، جس میں سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 4 کروڑ ڈالر متحرک کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ اس موقع پر سندھ میں جامع معاشی ترقی، دیہی خوشحالی اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے یو این آئی ڈی او کا تعاون مزید مستحکم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ بنیادی ڈھانچے اور دیہی ترقی کے لیے سندھ حکومت اور یو این آئی ڈی او میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے 2022ء کے تباہ کن سیلاب کے بعد دیہی آبادیوں کی بحالی میں یو این آئی ڈی او کے کردار کو سراہا۔ اس حوالے سے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری قاسم نوید نے اجلاس میں بتایا کہ سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ افیکٹیز کے تعاون سے سیلاب متاثرہ آبادیوں کی موسمیاتی تبدیلیوں سے محفوظ منصوبہ بندی پر کام جاری ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے دیہی آبادیوں، چھوٹے کاروباروں اور موسمیاتی تبدیلیوں سے محفوظ ترقیاتی منصوبوں میں یو این آئی ڈی او کے تعاون کی تعریف کی۔ اس موقع پر ملاقات میں یورپی یونین کے تعاون سے جاری پائیدار پروگرام کی پیش رفت اور نئے ترقیاتی اقدامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔
اجلاس میں یو این آئی ڈی او کے 2025ء سے 2030ء تک سندھ کے لیے خصوصی ترقیاتی پروگرام تیار کرنے کے منصوبے پر بھی بات چیت ہوئی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل اینڈ منیجنگ ڈائریکٹر فتوحیدرہ نے بتایا کہ سندھ کے لیے مجوزہ ترقیاتی پروگرام میں تقریباً 4 کروڑ ڈالر متحرک کرنے کا ارادہ ہے۔ سندھ کی ترقیاتی ضروریات اور ترجیحات کے مطابق یو این آئی ڈی او کا خصوصی پروگرام تیار کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے یو این آئی ڈی او کے پروگرام فار کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک پر دستخط کر دیے ہیں۔ سندھ کے لیے الگ پروگرام کی تیاری کا منصوبہ ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ ے ترقیاتی پروگرام کو ترجیحی منصوبے کے طور پر منظور کرانے کے لیے وفاقی حکومت سے رابطے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے مجوزہ ترقیاتی پروگرام پر وزارتِ موسمیاتی تبدیلی اور متعلقہ وفاقی اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔