لائبہ کیس اور یتیم بچے کے قاتلوں کی ہلاکت؛ جے یو آئی نے سینیٹ میں تحریک جمع کرادی

پولیس کے ساختی، سیاسی اور عملی مسائل قانون کی حکمرانی اور عوامی اعتماد کو کمزور کر رہے ہیں، تحریک


نعیم اصغر October 22, 2026
فوٹو: فائل

جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے اسلام آباد میں طالبہ لائبہ اعجاز خودکشی کیس اور ملتان میں 15 سالہ یتیم بچے کے قاتلوں کی ہلاکت کا حوالہ دیتے ہوئے پولیس مقابلوں میں اور مبینہ ماورائے عدالت ہلاکتوں پر سینیٹ میں تحریک جمع کرادی۔

سینیٹر کامران مرتضیٰ نے سینیٹ میں جمع کرائی گئی تحریک میں رول 218 کے تحت پولیس کے اختیارات کے مبینہ ناجائز استعمال اور پولیس مقابلوں کا معاملہ اٹھایا ہے۔

جمعیت علمائے اسلام کے سینیٹر نے اسلام آباد میں لائبہ اعجاز کیس کے مرکزی ملزم کی پولیس مقابلے میں ہلاکت کا ذکر کیا ہے اور اسی طرح ملتان میں 15 سالہ یتیم بچے کے قاتل توقیر کی بہاولپور میں ناردرن بائی پاس کے قریب پولیس مقابلے میں ہلاکت کا حوالہ دیا ہے۔

تحریک میں کہا گیا ہے کہ پولیس کے ساختی، سیاسی اور عملی مسائل قانون کی حکمرانی اور عوامی اعتماد کو کمزور کر رہے ہیں۔

سینیٹر کامران مرتضی نے کہا ہے کہ دھمکی آمیز رویے، ناقص خدمات اور مبینہ بدعنوانی کے باعث عوام کا پولیس پر اعتماد شدید متاثر ہوا ہے۔