اسرائیل مخالف برطانوی رکن پارلیمنٹ جارج گیلوے پر حملہ شدید زخمی

جارج گیلوے ناٹنگ ہل میں لوگوں کے ساتھ تصاویر بنوا رہے تھے کہ ایک نوجوان نے اچانک ان پر مکوں کی برسات کردی


ویب ڈیسک August 30, 2014
جارج گیلوے نے اپنے ایک بیان میں بریڈ فورڈ کو ’’اسرائیل فری زون‘‘ قرار دے کر صیہونی مصنوعات کے بائیکاٹ پر زور دیا تھا۔ فوٹو؛ ٹوئیٹر

اسرائیل مخالف جذبات رکھنے والے برطانوی رکن پارلیمنٹ جارج گیلوے پر ایک نوجوان نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادار ے کے مطابق اسرائیل مخالف جذبات رکھنے والے برطانوی رکن پارلیمنٹ جارج گیلوے لندن میں ناٹنگ ہل کے گالبرون روڈ پر لوگوں کے ساتھ تصاویر بنوا رہے تھے کہ ایک نوجوان نے اچانک ان پر حملہ کر دیا اور ان پر مکوں کی برسات شروع کر دی جس سے جارج گیلوے کے چہرے پر شدید زخم آئے۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے برطانوی رکن پارلیمنٹ کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

جارج گیلوے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حملہ آور حملے کے وقت اسرائیلی ہولو کاسٹ کے حوالے سے کچھ جملے بھی کس رہا تھا۔ پولیس نے جارج گیلوے پر حملہ کرنے والے نوجوان کو گرفتار کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ جارج گیلوے نے اپنے ایک بیان میں بریڈ فورڈ کو ''اسرائیل فری زون'' قرار دیا تھا اور عوام پر زور دیا تھا کہ وہ اسرائیلی مصنوعات، تعلیمی خدمات اور سیاحوں کا بائیکاٹ کردیں جس کے بعد پولیس نے انھیں خبر دار کیا تھا کہ ان پر حملہ ہو سکتا ہے۔ اس سے قبل 2008 میں بھی ایک شخص کو جارج گیلوے پر حملے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔