ٹنڈوآدم؛ بس اور کار میں خوفناک تصادم، 5 افراد جاں بحق، 3 شدید زخمی

بس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، پولیس نے کارروائی شروع کردی


ویب ڈیسک October 25, 2026
(فوٹو: فائل)

ٹنڈو آدم میں بس اور کار کے مابین خوفناک تصادم کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق اور تین شدید زخمی ہو گئے۔

نجی ٹی وی کے مطابق سانگھڑ کے علاقے ٹنڈوآدم جھول روڈ پر کراچی سے آنے والی مسافر بس اور کار کے مابین ہونے والی ہولناک ٹکر کے نتیجے میں 5 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 3 زخمی ہیں۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ کراچی سے سانگھڑ جانے والی بس کی ٹکر سعید آباد جانے والی کار سے ہوئی۔ حادثے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ کار میں سوار 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

مرنے والوں میں 2 مرد، 2 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے جن کا تعلق مٹیاری سے ہے۔

حکام نے مزید بتایا کہ حادثے میں شدید زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے حیدرآباد منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم راستے میں ہی ایک اور خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔

المناک واقعے کے بعد بس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جس کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کے لیے جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے شہریوں اور ڈرائیورز سے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ تیز رفتاری سے گریز کیا جائے، انسانی جانوں کا تحفظ ہر شہری کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ ڈرائیورز اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کی حفاظت کے لیے گاڑی احتیاط اور مقررہ رفتار کے مطابق چلائیں۔