کراچی:
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ اغوا ہونے والی خاتون اور 2 بچوں کو بازیاب کرا لیا۔
تھانہ اورنگی ٹاؤن میں مقدمہ الزام نمبر 873/2026 مورخہ 23 اکتوبر 2026ء درج کیا گیا، جس کے مدعی علی رضا ولد محمد انور نے رپورٹ درج کرائی کہ مورخہ 22 اکتوبر 2026ء کو ان کی اہلیہ ماریہ اور 2 بچوں حسنین علی اور عبدالہادی کو نامعلوم ملزمان اغوا کرکے لے گئے ہیں۔
واقعے کی اطلاع موصول ہونے پر تھانہ اورنگی ٹاؤن کی تفتیشی ٹیم نے فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مدعی مقدمہ سے معلومات حاصل کیں اور ان کی نشاندہی پر بلوچ گوٹھ، حدود تھانہ اورنگی ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے ایک گھر سے مغویہ خاتون ماریہ اور دونوں بچوں حسنین علی اور عبدالہادی کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔
پولیس کارروائی کے دوران اغوا کے مقدمے میں نامزد ملزمان اسد بلوچ اور مرتضیٰ بلوچ موقع سے فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔
ترجمان ایس پی انویسٹی گیشن ویسٹ کے مطابق بازیاب ہونے والی خاتون اور دونوں بچوں کو آج عدالتِ مجاز کے روبرو پیش کیا جائے گا۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ قانونی ضابطے کے مطابق ضروری کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔