سری لنکا نے فیصلہ کن معرکے میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

سری لنکا نے تیسرے ون ڈے میں پاکستان کو شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کی۔

سری لنکا کی جانب سے تلکا رتنے دلشن 50 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ مہیلا جے وردنے نے 26 رنز اسکور کئے۔ فوٹو؛ اے ایف پی

سری لنکا نے 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے فیصلہ کن معرکے میں پاکستان کو باآاسانی 7وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔

سری لنکا کے رنگیری دمبولا انٹر نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور بارش سے متاثرہ میچ میں آئی لینڈرز کو جیت کے لئے 103 رنز کا ہدف دیا جو سری لنکا نے با آسانی 3 وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور میں پورا کر لیا۔ سری لنکا کی جانب سے تلکارتنے دلشن 50 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہوئے جب کہ مہیلا جے وردنے نے 26 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عرفان، سعید اجمل اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔


اس سے قبل پاکستان کا پہلے بیٹنگ کا فیصلہ سود مند ثابت نہ ہوا اور محض 4 رنز پر شرجیل خان اپنا کھاتا کھولے بغیر ہی آؤٹ ہو گئے اس کے بعد حسب روایت پاکستانی کھلاڑیوں کو آنا جانا لگا رہا اور وقفے وقفے سے پاکستانی کھلاڑی خزاں کے پتوں کی طرح جڑتے رہے۔ احمد شہزاد 10، محمد حفیظ 1، مصباح الحق 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عمر اکمل اور صہیب مقصود 7،7 رنز بنا سکے۔ شاہد خان آفریدی بھی 2 رنز کر پویلین لوٹ گئے جب کہ وہاب ریاض صفر پر آؤٹ ہو گئے۔ بارش کے باعث کھیل 48 اوورز فی اننگ تک محدود کر دیا گیا لیکن پوری ٹیم 33ویں اوور میں 102 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سعید اجمل نے 6 رنز بنائے جب کہ محمد عرفان 5 رنز اسکور کر سکے، فواد عالم 38 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ قومی ٹیم کے 8 کھلاڑی 10 کا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔

سری لنکا کی جانب سے تشارا پریرا نے 4، دھمیکا پرساد نے 2 جب کہ لاستھ ملنگا، رنگنا ہیراتھ اور سکوگی پراسنا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل اس گراؤنڈ پر پاکستان کا کم ترین اسکور 116 رنز تھا۔

واضح رہے کہ 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی جب کہ دوسرے میچ میں آئی لینڈرز نے شاہینوں کو 77 رنز سے ہرایا تھا۔
Load Next Story