راولپنڈی:
سابق آرمی چیف جنرل (ریٹائرڈ) نشان امتیاز عبدالوحید کاکڑ راولپنڈی میں انتقال کرگئے، ان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
نماز جنازہ آرمی ریس کورس گراؤنڈ راولپنڈی میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار ، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے شرکت کی۔
سابق آرمی چیفس، سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سمیت سرونگ اور ریٹائرڈ سول وعسکری حکام نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔
آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاک فوج کے تمام رینکس نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور پاک فوج کے تمام رینکس نے مرحوم کے شاندار عسکری کیریئر، قائدانہ صلاحیتوں اور پاک فوج کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاک فوج سوگوار خاندان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور لواحقین کو صبرِ جمیل اور ہمت عطا فرمائے۔ آمین ۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف، صدر مملکت، گورنرز، وزرائے اعلیٰ اور دیگر حکومتی و سیاسی اہم شخصیات نے سابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔