سمندری طوفان ارنب کے تیور بگڑنے لگے، بھارت کی متعدد ریاستوں میں ہائی الرٹ جاری

طوفان کے خطرے کے پیش نظر دہلی میں قومی بحران انتظامی کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا


ویب ڈیسک October 27, 2026

خلیج بنگال میں بننے والا سمندری طوفان ’ارنب‘ شدت اختیار کرنے لگا جس کے پیش نظر بھارت کی متعدد ساحلی ریاستوں میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے جبکہ مرکزی حکومت نے بھی ہنگامی تیاریوں کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کے آندھرا پردیش کے ساحل سے ٹکرانے کے دوران ہواؤں کی رفتار 115 سے 125 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کا خدشہ ہے، جبکہ جھکڑ 140 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتے ہیں۔

طوفان کے باعث آندھرا پردیش، اڈیشہ، تلنگانہ اور چھتیس گڑھ سمیت متاثرہ علاقوں میں انتظامیہ کو تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ پڈوچیری میں بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

پیش گوئی کے مطابق طوفان پیر کی رات تک شدید اور منگل کو انتہائی شدید شکل اختیار کرسکتا ہے۔ اس کے بدھ کی صبح آندھرا پردیش کے ساحل پر باپٹلا اور وشاکھاپٹنم کے درمیان یانم کے قریب ٹکرانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

طوفان کے خطرے کے پیش نظر دہلی میں قومی بحران انتظامی کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا، جس میں محکمہ موسمیات نے طوفان کی سمت، شدت اور ساحلی علاقوں پر ممکنہ اثرات سے آگاہ کیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کی صبح طوفان وشاکھاپٹنم سے تقریباً 650 کلومیٹر مشرق، جنوب مشرق میں موجود تھا اور 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مغرب کی جانب بڑھ رہا تھا۔ حکام متاثرہ علاقوں میں ممکنہ نقصانات سے نمٹنے کے لیے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔