کراچی:
سندھ میں منکی پاکس کا ایک اور کیس سامنے آگیا جس کے بعد رواں سال صوبے میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 100 سے تجاوز کرگئی۔
ترجمان کے مطابق کراچی کی رہائشی خاتون میں منکی پاکس کی تصدیق ہوئی ہے۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خاتون کو دو روز قبل سندھ انفیکشنز ڈیزیز اسپتال نیپا لایا گیا تھا، جہاں منکی پاکس کی تشخیص کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کے نمونے حاصل کیے گئے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق ٹیسٹ رپورٹ آنے کے بعد خاتون میں منکی پاکس کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد انہیں آئی سی یو منتقل کردیا گیا۔
ترجمان کے مطابق سندھ انفیکشنز ڈیزیز اسپتال نیپا میں منکی پاکس کے 7 مریض زیر علاج ہیں۔
دوسری جانب محکمہ صحت کے مطابق رواں سال اب تک سندھ میں منکی پاکس کے 98 کیسز اور 12 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں، تاہم ذرائع کا دعویٰ ہے کہ صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 100 سے تجاوز کرگئی ہے اور کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں وائرس پھیل رہا ہے۔
سندھ میں منکی پاکس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے بدھ کو محکمہ صحت کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مرض کے پھیلاؤ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔