فوج کو خود سے زیادہ جمہوریت کا حامی سمجھتے ہیں خورشید شاہ

جمہوریت اور آئین کی بالادستی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے اور اسےبچانے کے لیے آخری دم تک لڑیں گے،قائدحزب اختلاف

فوج کو ہم سے زیادہ عوام کے جذبات، احساسات اور صورتحال کا اندازہ ہے، سید خورشید شاہ. فوٹو: فائل

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ آئین اور جمہوریت کو بچانے کے لیے آخری دم تک لڑیں گے جبکہ ہم خود سے زیادہ فوج کو جمہوریت کا حامی سمجھتے ہیں۔


کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے واضح کردیا ہےکہ پارلیمنٹ بالادست ہے اور عوام کی امیدیں بھی پارلیمنٹ سے بندھی ہیں، دھرنے والوں کو جمہوریت اور پارلیمنٹ سے پیار نہیں جبکہ جمہوریت پسند لوگ ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت آئین اور قانون کی بالادستی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے اور اسے بچانے کے لیے آخری دم تک لڑیں گے، آج کوئی کہتا ہے اسے جمہوریت نہیں چاہئے جبکہ کوئی کہتا ہے کہ پارلیمنٹ نہیں چاہئے، عوام آنکھیں کھول کر دیکھیں کہ کون کیا کررہا ہے اور کس کا کیا کردار ہے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ فوج کو ہم سے زیادہ عوام کے جذبات، احساسات اور صورتحال کا اندازہ ہے، ہم فوج کو خود سے زیادہ جمہوریت کا حامی سمجھتے ہیں اور امید ہے کہ فوج اس دائرے میں کبھی نہیں جائے گی جو کچھ ماضی میں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں جو بھی بات کی جائے طریقے سے کی جائے کیونکہ اس وقت ایک ایک لفظ کی اہمیت ہے تاکہ اس کے کوئی اور معنی نہ نکلیں، الطاف حسین کے بیان سے متعلق خورشید شاہ نے کہا کہ الطاف حسین بادشاہ آدمی ہیں وہ جو چاہیں کہہ سکتے ہیں۔
Load Next Story