کراچی:
پاپوش نگر، ایس آئی یو، اسٹیل ٹاؤن، نیو کراچی انڈسٹریل ایریا، شاہ لطیف اور اقبال مارکیٹ پولیس نے مبینہ مقابلوں کے بعد 8 زخمی سمیت 10 ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے اسلحہ اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔
نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس کے ہاتھوں زخمی حالت میں گرفتار دونوں ڈاکو آپس میں بھائی ہیں جو شہر میں وارداتیں کرنے کے بعد کچھ عرصہ کے لیے اپنے آبائی علاقے جنوبی پنجاب جا کر روپوش ہو جاتے تھے۔
تفصیلات کے مطابق پاپوش نگر پولیس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب بنگش کالونی پاپوش نگر قبرستان کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر عمران خانے کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کی شناخت ذیشان عرف کالا شانی ولد محمد عتیق کے نام سے کی گئی، گرفتار ڈاکو کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، گرفتار ڈاکو سے ایک پستول مع گولیاں، موبائل فون اور کیش رقم برآمد کی گئی۔
اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کی پولیس پارٹی نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب نمائش جناح گراؤنڈ کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، زخمی حالت میں گرفتار ڈاکوؤں کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ڈاکوؤں کی شناخت 25 سالہ محمد ساجد ولد محمد واحد اور 26 سالہ محمد ایاز ولد محمد سلیم کے ناموں سے کی گئی۔ گرفتار ڈاکوؤں سے اسلحہ، موبائل فونز، کیش رقم اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔
اسٹیل ٹاؤن پولیس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب اسٹیل ٹاؤن ایم ڈی اے کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد زخمی سمیت دو ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا، زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کی شناخت صالح ولد دین محمد کے نام سے کی گئی جبکہ دوسرے گرفتار ڈاکو نے پولیس کو اپنا نام بھورل تج ولد منتھول بتایا۔ گرفتار ڈاکوؤں سے ایک پستول مع گولیاں، موبائل فونز، کیش رقم اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی، گرفتار ڈاکوؤں کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔
نیو کراچی کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب سیکٹر 5 ایف روٹ نمبر G-23 منی بس اسٹاپ کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، زخمی حالت میں گرفتار ڈاکوؤں کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ہونے ڈاکوؤں کی شناخت 22 سالہ وسیم ولد جان محمد اور 25 سالہ سانول ولد جان محمد کے ناموں سے کی گئی، زخمی حالت میں گرفتار دونوں ڈاکو بھائی ہیں جن سے ایک پستول مع گولیاں، موبائل فون، کیش رقم اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔
گرفتار ڈاکو اسٹریٹ کرائم سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔ ملزمان شہر میں وارداتیں کر کے اپنے آبائی علاقے جنوبی پنجاب فرار ہو جاتے تھے اور کچھ عرصہ وہاں گزار کر پھر واپس آکر وارداتیں شروع کر دیتے تھے، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سیکٹر 16-B ریلوے پھاٹک کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا کیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کی شناخت 40 سالہ یاسر ولد میاں صابر کے نام سے کی گئی۔ گرفتار ڈاکو سے ایک پستول مع گولیاں، موبائل فون اور کیش رقم برآمد کر لی گئی۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق تھانہ اقبال مارکیٹ کے علاقے یعقوب آباد میں علاقہ پولیس اور شاہین فورس کا مسلح ڈاکوؤں سے مقابلہ ہوا، دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک زخمی ملزم سمیت 3 گرفتار کر لیے گئے۔
ملزمان کی شناخت آصف دانیال ولد محمد آفاق (زخمی)، کمال حسین ولد محمد شہادت (بلاضرب ) اور عمیر عالم ولد منظر عالم (بلاضرب) کے ناموں سے ہوئی۔ ملزمان سے غیر قانونی اسلحہ مع ایمونیشن، چلیدہ خولز، موبائل فونز اور نقدی رقم برآمد ہوئی۔