عوام ہمارا ساتھ دینے کیلئے پہنچیں آج فیصلہ کن دن ہے عمران خان

حکومت نے جو کیا قانون کے خلاف کیا، نوازشریف ہمارا راستہ نہیں روک سکتے ہم اپنے مقصد میں کامیاب ہوکر جائیں گے

ہم جمہوریت کو کمزور نہیں بلکہ اسے مضبوط کرنے آئے ہیں، عمران خان، فوٹو:ایکسپریس نیوز

چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہےکہ حکومت نے نہتے لوگوں پر تشدد کیا جس کا مقدمہ نوازشریف اور چوہدری نثار کے خلاف درج کرائیں گے جبکہ پاکستانی قوم آج ہمارا ساتھ دینے کے لیے اسلام آباد پہنچے آج فیصلہ کن دن ہے۔

وزیراعظم ہاؤس جانے والے دھرنے کے شرکا پر شیلنگ کی مذمت کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں وزیراعظم ہاؤس کے سامنے احتجاج ہوتے ہیں لیکن ہمارے پاس انتشار کے سوا کوئی راستہ نہیں چھوڑا گیا، ہم ملک بھر میں احتجاج کریں گے کارکنان پورے پاکستان میں باہر نکل آئیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے جو کیا قانون کے خلاف کیا، نوازشریف ہمارا راستہ نہیں روک سکتے، کارکنان کسی صورت پیچھے نہ ہٹیں اور ڈٹ کر مقابلہ کریں ہم اپنے مقصد میں کامیاب ہوکر ہی جائیں گے۔


اس سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم پر امن طور پر وزیراعظم ہاؤس کے سامنے دھرنا دیں گے، احتجاج کرنا ہمارا جمہوری حق ہے،ہم نے اب تک کوئی بھی عمل آئین و قانون کے باہر نہیں کیا اور نہ ہی کریں گے جبکہ وزیراعظم نوازشریف سے کہتے ہیں کہ جب تک الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات ہوں گی صرف ایک ماہ کیلئے استعفیٰ دے دیں، اگر تحقیقات میں دھاندلی ثابت نہ ہوئی تو خود نوازشریف کو واپس لے کر آؤں گا لیکن اگر تحقیقات کا نتیجہ دھاندلی نکلا تو نوازشریف اور سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری سمیت عوام کا مینڈیٹ چوری کرنے والے ہر شخص کو سزا ملے گی لیکن نوازشریف تباہ کرنے کیلئے تیار ہیں پر کرسی چھوڑنے کے لیے نہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ہم پولیس، رینجرز اور فوج کو پیغام دیتے ہیں کہ مظاہرین ان کے اپنے لوگ ہیں، ہم پر امن آئے تھے اور پر امن ہی جائیں گے ان پر کسی قسم کا کوئی تشدد نہ کیا جائے، ہم جمہوریت کو کبھی نقصان نہیں پہنچائیں گے لیکن اس حسنی مبارک جمہوریت کو صرف عوام کی طاقت ہی ہٹاسکتی ہے،پارلیمنٹ اور عدالتیں ان کا کچھ نہیں کرسکتیں، کارکنان میرا ساتھ نہ چھوڑیں میں ہمیشہ ان کے ساتھ رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی یا موت کا فیصلہ کرچکا ہوں، آزادی لیے بغیر یہاں سے نہیں جائیں گے، جتنا بھی وقت لگے یہاں رکیں گے، بادشاہت کسی طرح قبول نہیں، حکمران اپنے آپ کو قانون سے بالاتر اور خود کو بادشاہ سمجھتے ہیں انہوں نے پاک فوج کو بھی بدنام کیا۔

چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ہمارے پیچھے فوج نہ آج ہے اور نہ ہی کل تھی اور نہ آئندہ ہوگی،اس موقع پر انہوں نے جاوید ہاشمی سے بھی معذرت کرتے ہوئے کہا کہ میں کبھی جمہوریت کو نقصان نہیں پہنچاؤں گا، عدلیہ کی آزادی میں بھی سب سے آگے تھا ہم جمہوریت کو کمزور نہیں بلکہ اسے مضبوط کرنے آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم جو کچھ کررہے ہیں وہ جمہوری عمل کا حصہ ہے، ہم نوازشریف کو نہیں بھگا رہے بلکہ احتساب کرنے کی کوشش کررہے ہیں جو ہمارا حق ہے۔
Load Next Story