آن لائن ہنی ٹریپ میں ملوث 2 جعلی پولیس اہلکار گرفتار

ملزمان نے آن لائن ایپ کے ذریعے شہری کو جھانسہ دے کر ملاقات کے لیے بلایا اور خود کو پولیس اہلکار ظاہر کیا


سید مشرف شاہ October 30, 2026

لاہور:

گلشن اقبال پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے آن لائن ہنی ٹریپ میں ملوث 2 جعلی پولیس اہلکار گرفتار کر لیے۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق متاثرہ شہری نے اغوا اور رقم کی زبردستی منتقلی پر 15 پر کال کی، ملزمان نے آن لائن ایپ کے ذریعے شہری کو جھانسہ دے کر ملاقات کے لیے بلایا جبکہ خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرکے شہری کو گاڑی میں بٹھایا اور 31 ہزار روپے سے زائد رقم منتقل کروائی۔

ترجمان کے مطابق ملزمان نے شہری کے بھائی سے ایزی پیسہ اکاؤنٹ کے ذریعے رقم منگوائی اور رقم ہتھیانے کے بعد شہری کو ملتان روڈ پر چھوڑ دیا گیا، سیف سٹی کیمروں اور فیس ٹریسنگ کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کیا گیا۔

گرفتار ملزمان حذیفہ عبداللہ اور حسن، تیسرا ساتھی احمد مفرور ہے جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی کرولا گاڑی بھی برآمد کر لی گئی۔ مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں، ملزمان کے خلاف تھانہ گلشن اقبال میں مقدمہ درج ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا تھا کہ جعلی پولیس اہلکار بن کر شہریوں کو لوٹنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، شہری آن لائن ایپس کے ذریعے اجنبی افراد کے جھانسے میں آنے سے گریز کریں، کسی بھی مشکوک صورتحال یا واردات کی صورت میں فوری 15 پر اطلاع دیں۔