ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں کمی، حکومت کو اربوں روپے کا ٹیکہ لگا گئی

وزارت آبی وسائل نے تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دیں، دیا میر بھاشا ڈیم کے پی سی ون کی لاگت میں 642 ارب کا اضافہ ہوا


وقاص احمد October 30, 2026

ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی بے قدری حکومت کو اربوں روپے کا ٹیکہ لگا گئی، دیا میر بھاشا ڈیم کے پی سی ون کی لاگت میں 6 کھرب 42 ارب، داسو ہائیڈرو پروجیکٹ کی لاگت میں 12 کھرب 54 ارب کے اضافے کا انکشاف ہوا ہے۔

وزارت آبی وسائل نے تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دیں جس میں بتایا گیا کہ دیا میر بھاشا ڈیم کے پی سی ون کی لاگت میں 642 ارب کا اضافہ ہوا، دیامر بھاشا ڈیم پی سی ون 479ارب سے 1121 ارب تک جا پہنچا، غیر ملکی کرنسی کے تبادلے کی شرح میں تبدیلی سے پی سی ون کی رقم بڑھ گئی، نیا پی سی ون وزارت آبی وسائل میں جمع کروایا گیا ہے۔

داسو ہائیڈرو پاور کی پروجیکٹ کاسٹ 486 ارب سے بڑھ کر ایک ہزار 740 ارب تک جا پہنچی، داسو ہائیڈرو پاور منصوبے کی لاگت میں 260 فیصد اضافہ ہوا۔

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات اور تعمیراتی سامان کی قیمتوں میں اضافے کا اعتراف کیا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی سے سیمنٹ کی قیمت میں 204 فیصد اضافہ ہوا سیمنٹ کی بوری 530 روپے سے 1610 روپے تک جا پہنچی، ہائی اسپیڈ ڈیزل 72 روپے سے 414 روپے فی لیٹر تک جا پہنچا، پاکستانی روپے کی قدر میں کمی سے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 472 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا جبکہ اسٹیل اور سریے کی قیمت 268 فیصد اضافے کے بعد72 ہزار میٹرک ٹن سے 2 لاکھ 65 ہزار میٹرک ٹن تک جا پہنچا۔