گوجرانوالہ شہر کے مختلف علاقوں میں تین مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران ایک خطرناک شوٹر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک جبکہ تین ریکارڈ یافتہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔
پولیس کے مطابق تھانہ صدر کامونکی کے علاقے میں قتل اور اقدام قتل کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ خطرناک اشتہاری مجرم اور شوٹر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔ ہلاک شوٹر جرمنی پلٹ شہری کے قتل، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور متعدد سنگین جرائم کے مقدمات میں ملوث تھا اور علاقے میں خوف و ہراس کی علامت تھا۔
تھانہ سٹی کامونکی پولیس نے کارروائی کے دوران راہزنی، چوری اور موٹر سائیکل چوری کے 50 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ بین الاضلاعی ڈاکوؤں محمد بلال اور عبدالعظیم کو پولیس ناکے سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ دونوں ملزمان گوجرانوالہ، لاہور اور شیخوپورہ میں سنگین جرائم میں ملوث اور پولیس کو مطلوب تھے۔ ملزمان کے قبضے سے ناجائز اسلحہ اور چھینا گیا موٹر سائیکل برآمد ہوا۔
تھانہ پیپلز کالونی پولیس نے کارروائی کے دوران لاہور اور گوجرانوالہ میں راہزنی اور چوری کے 30 سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم محمد عاطف کو دوران ریڈ گرفتاری سے بچنے کے لیے فرار ہوتے ہوئے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضے سے ناجائز اسلحہ برآمد ہوا۔
پولیس کے مطابق فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس ڈی پی کامونکی کی زیر نگرانی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ شہر بھر میں ناکہ بندی جاری ہے۔
سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کا کہنا ہے کہ پرامن اور محفوظ معاشرے کی تشکیل کے لیے جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی ناگزیر ہے۔