اسلام آباد:
ملک میں سرکاری رہائش گاہوں میں مقیم ہزاروں ملازمین کے ذمے کرایوں کی عدم ادائیگی سامنے آگئی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق دستیاب دستاویزات سے پتا چلتا ہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں سرکاری مکانات استعمال کرنے والے مجموعی طور پر 7 ہزار 973 وفاقی ملازمین کرایوں کے نادہندہ قرار پائے ہیں۔
شہروں کے انفرادی اعدادوشمار میں کراچی نمایاں ہے، جہاں 5 ہزار 317 ملازمین نے سرکاری رہائش گاہوں کے کرایے ادا نہیں کیے۔ یہ مجموعی نادہندگان کا 74.26 فیصد بنتے ہیں، جس کے باعث کراچی اس فہرست میں پہلے نمبر پر ہے۔
دیگر شہروں میں اسلام آباد کے 2 ہزار 169 وفاقی ملازمین کرایوں کے واجبات ادا کرنے میں ناکام رہے۔ لاہور میں ایسے ملازمین کی تعداد 404، پشاور میں 57 اور کوئٹہ میں 26 بتائی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اسٹیٹ آفس نے واجبات کی وصولی کے لیے سخت اقدام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں کرایہ ادا نہ کرنے والے ملازمین کو نوٹس بھی جاری کردیے گئے ہیں۔
حکام کے فیصلے کے تحت اگر نادہندگان نے سرکاری رہائش گاہوں کے کرائے ادا نہ کیے تو ان کے مکانوں کی الاٹمنٹ منسوخ کردی جائے گی۔ اس اقدام کے ذریعے سرکاری گھروں کے واجب الادا کرایوں کی وصولی کا عمل آگے بڑھایا جائے گا۔