سابق ڈی جی ہاؤسنگ محمد ایوب کی برطرفی کے لیے حکومتی اپیل مسترد

سروس ٹریبونل نے انکی جبری برطرفی کو ریٹائرمنٹ میں تبدیل کردیا تھا، حکومت نے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا


کورٹ رپورٹر November 02, 2026
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

سپریم کورٹ نے سابق ڈی جی ہاؤسنگ محمد ایوب کی برطرفی کے لیے حکومتی اپیل مسترد کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جسٹس عائشہ ملک کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔ سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل شفقت عباسی نے مؤقف اختیار کیا کہ محمد ایوب کے بطور قائم مقام ڈی جی ہاؤسنگ دور میں 915 غیر قانونی الاٹمنٹس کی گئیں۔

جسٹس عائشہ ملک نے دستاویزی شواہد پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ انہیں شواہد نظر نہیں آرہے، کم از کم تحقیقات تو قانون کے مطابق کریں۔ بعدازاں سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کی اپیل مسترد کردی۔

سابق ڈی جی ہاؤسنگ محمد ایوب کو محکمانہ انکوائری کے بعد ملازمت سے برطرف کیا گیا تھا جس کے خلاف انہوں نے سروس ٹریبونل سے رجوع کیا۔ سروس ٹریبونل نے جبری برطرفی کو ریٹائرمنٹ میں تبدیل کردیا تھا، وفاقی حکومت نے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا۔