چین نے ایران کی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کے لیے اپنی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے امریکا اور مشرق وسطیٰ کے دیگر فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ جنگ کے بجائے مذاکرات کے ذریعے تنازع حل کریں۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے پیر کو بیجنگ میں ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے نائب سیکریٹری علی باقری کنی سے ملاقات کی۔
اس موقع پر چین کے وزیر کارجہ وانگ یی نے کہا کہ چین ایران کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کی حمایت کرتا ہے اور خطے کے تنازعات کا حل سیاسی بات چیت اور مذاکرات میں ہے۔
وانگ یی نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ دوبارہ فوجی کارروائیوں کی طرف جانے کے بجائے تنازع کے سیاسی حل پر توجہ دیں۔ ملاقات میں ایرانی عہدیدار نے بھی اپنے ملک کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔
اسی روز چینی صدر شی جن پنگ نے عمان کے سلطان ہیثم بن طارق سے ملاقات میں کہا کہ مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطہ بڑی طاقتوں کی باہمی مسابقت کا میدان نہیں بننا چاہیے۔
چین اور عمان کے مشترکہ اعلامیے میں امریکا اور ایران پر زور دیا گیا کہ وہ جنگ بندی، مذاکرات اور جامع معاہدے کی طرف واپس آئیں۔
دونوں ملکوں نے آبنائے ہرمز میں معمول کے مطابق محفوظ بحری آمدورفت بحال کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
واضح رہے کہ چین اپنا خصوصی نمائندہ رواں ماہ ایران، عمان اور سعودی عرب بھی بھیجے گا تاکہ سفارتی رابطوں کے ذریعے کشیدگی کم کرنے کی کوشش کی جا سکے۔