مردان:
ضلعی مردان میں رستم کے علاقے سرملنگ روڈ پر چلتی کار پر مسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق اور چار راہ گیروں سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق رستم کے علاقہ ملندری سے تعلق رکھنے والے سابق ناظم ایوب خان مرحوم کی ہمشیرہ کا انتقال ہو گیا تھا، جن کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد ان کے رشتہ دار مغرب کے بعد موٹرکار میں اپنے آبائی علاقے ریگا بونیر جا رہے تھے کہ سرملنگ روڈ پر مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
نتیجے میں مسمی اعظم خان ساکن ریگا بونیر موقع پر جاں بحق ہوگیا، 70 سالہ مکمل خان، راہگیر ضیاء اللہ، شیر عالم ولد، مسماۃ (س) زوجہ ضیاء اللہ اور مسماۃ (ص) زوجہ سیف الرحمٰن ساکنان بونیر زخمی ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی ایف آئی آر تاحال درج نہیں کرائی گئی، جبکہ واقعہ دو اقوام حماری خیل اور حمزہ خیل کے درمیان سابقہ دشمنی کا شاخسانہ بتایا جا رہا ہے۔