نجی ائیرلائن ائیر بلیو نے انجینئرنگ شعبے کے 69 ملازمین سمیت اچانک 300 سے زائد ملازمین کو فارغ کر دیے۔
ایئربلیو نے ملازمین کو ای میل کے ذریعے برطرفی کی اطلاع دے دی ہے اور صرف انجینیرنگ کے شعبے سے 69 ملازمین فارغ کیے گئے ہیں، برطرف ملازمین کا تعلق شعبہ انجینئرنگ، پسنجر ہینڈلنگ، ایئر سائیڈ سمیت دیگر شعبہ جات سے ہے۔
ایئرلائن کی جانب سے بھیجی گئی ای میل کے مطابق ملازمین کے ساتھ ملازمت کا تعلق 2 نومبر 2026 کو ختم کر دیا گیا اور تمام برطرف ملازمین کو ائیربلیو سروس کارڈ، ائیرپورٹ پاسز ایچ آر میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ائیربلو انتظامیہ نے شعبہ ایچ آر کو ملازمین کے واجبات ادائیگی کی ہدایت کردی ہے۔
ملازمین کو برطرف کرنے کے حوالے سے وجوہات میں بتایا گیا ہے کہ ملازمین کی برطرفی موجودہ خطے کی غیر یقینی صورت حال اور ایوی ایشن انڈسٹری کو درپیش چیلنجز کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
ائیر بلیو کی انتظامیہ نے مذکورہ وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اسی کے باعث کمپنی نے اپنے آپریشنل تقاضوں اور تنظیمی ڈھانچے کا جائزہ لیتے ہوئے مشکل فیصلہ کیا ہے۔
ایئربلیو انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملازمین کو ملازمت 2 نومبر 2026 سے ختم کرنے کا نوٹس دیا گیا ہے۔