کراچی:
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے یونیورسٹی روڈ پر ریڈ لائن بی آر ٹی کے یو ٹرن کھولنے کی بھی ہدایت کردی اور کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے غیر معمولی اقدامات کئے جائیں۔
شرجیل میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی ای او ٹرانس کراچی زبیر چنہ، پی ڈی یلو لائن کمال دایو اور دیگر حکام شریک ہوئے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ امید ہے مزید ڈبل ڈیکر اور ای وی بسوں کی کھیپ جلد کراچی پہنچ جائے گی، ڈبل ڈیکر اور الیکٹرک بسوں کے آپریشن کے لیے روٹس، چارجنگ اسٹیشنز، ڈپو، بس اسٹاپس اور دیگر تکنیکی و انتظامی انتظامات کو حتمی شکل دی جائے۔
شرجیل انعام میمن نے ہدایت دی کہ آپریشنز اور سروسز سمیت تمام متعلقہ امور کے لئے جامع منصوبہ بندی کی جائے، بسوں کی تعداد بڑھانے کے ساتھ ساتھ ان کے روٹس اور آپریشنل نظام کو بھی مؤثر بنانا ضروری ہے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ کوشش کی جائے کہ ڈبل ڈیکر اور الیکٹرک بسیں شہر کے ان علاقوں تک پہنچیں جہاں شہریوں کو پبلک ٹرانسپورٹ کی زیادہ ضرورت ہے۔