وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں زمینوں پر جس طرح قبضے کیے گئے بتا نہیں سکتا لیکن ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کو فائیو اسٹار ہوٹل بنائیں گے اور کوشش ہوگی مہینوں میں کام ہو۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ آج کابینہ اجلاس میں ون کانسٹیٹیوشن کی رپورٹ پیش ہوئی ہے اور رپورٹ کی بنیاد پر کارروائی کی گئی ہے، مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ منظور ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب ہمارے پاس قانونی طور پر قبضہ آگیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں زمینوں پر جس طرح قبضے کیے گئے آپ کو بتا نہیں سکتا، ایف سکس سیون میں لوگوں نے لان پر بھی قبضے کر رکھے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ ون کانسٹیشوشن ایونیو کو ہوٹل میں تبدیل کریں گے اور فائیو اسٹار ہوٹل بنایا جائے گا، کوشش ہو گی مہینوں کے اندر کام ہو۔
ون کانسٹیٹیوشن سے متعلق انہوں نے مزید بتایا کہ جس کی جو رقم بنتی ہے وہ دے دی جائے گی۔