وفاقی وزیر خزانہ محمد اور نگزیب نے کہا ہے کہ سعودی عرب کےساتھ 3 ارب ڈالر قرض رول اوور ہوچکا ہے اور سعودی عرب کی طرف سےمزید سپورٹ کی فی الحال ضرورت نہیں ہے جبکہ عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) بورڈ سے اگلی قسط کی منظوری دسمبر میں ہونے کا امکان ہے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ سعودی عرب کے وزیر خزانہ سے بہت اچھی ملاقات بھی ہوئی ہے اور قرض کا معاملہ مناسب وقت تک کے لیے مؤخر ہوگیا ہے، سعودی عرب کی طرف سےمزید سپورٹ کی فی الحال ضرورت نہیں ہے اور ہمارے پاس 3 ماہ کا امپورٹ کور موجود ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کےساتھ جس طرح کے ہمارے تعلقات ہیں، اس میں ہمیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر سال تقریباً ڈیڑھ ارب یورو بانڈ کی پیمنٹ کرنی ہے، ہماری کوشش ہے کہ یورو بانڈ کی پیمنٹ کے لیے کوئی بھی انتظامیہ ہو اس کو مشکل پیش نہ آئے۔
محمد اورنگزیب نے مزید بتایا کہ آئی ایم ایف بورڈ سے اگلی قسط کی منظوری دسمبر میں ہونے کا امکان ہے۔