پشاور: سلنڈر دھماکے سے گھر کی چھت گرگئی، 3 بچے جاں بحق

گورنر نے ہدایت کی کہ متعلقہ حکام زخمیوں کو اسپتالوں میں بہترین طبی سہولیات اور علاج معالجے کی فراہمی یقینی بنائیں


اسٹاف رپورٹر November 05, 2026
فوٹو: فائل

پشاور:

بجگی روڈ کے قریب سلنڈر دھماکے کے باعث گھر کی چھت گرنے سے تین بچے جاں بحق جبکہ خاتون سمیت دیگر افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اطلاع موصول ہوتے ہی ریسکیو 1122 کی 3 ایمبولینسز اور ڈیزاسٹر رسپانس ٹیم جائے حادثہ پہنچ گئی، ریسکیو ٹیم نے فوری امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے ملبے سے تمام افراد کو نکال لیا۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور میں گیس سلنڈر دھماکے کے واقعے میں تین  بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کی قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک اور دلخراش سانحہ ہے۔

گورنر نے واقعے میں خاتون سمیت دیگر زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہون نے ہدایت کی کہ متعلقہ حکام زخمیوں کو اسپتالوں میں بہترین طبی سہولیات اور علاج معالجے کی فراہمی یقینی بنائیں۔