پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تاریخ تبدیل کرنے کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا گیا

الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق مختصر آرڈر جاری کر دیا


وقاص احمد November 05, 2026
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تاریخ تبدیل کرنے کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق مختصر آرڈر جاری کر دیا۔

مختصر فیصلے کے مطابق چیف سیکرٹری نے بتایا پنجاب حکومت کی کمیٹی اور کمیشن میں باہمی مشاورت سے طے ہوا تھا انتخابات دسمبر تا جنوری ہوں گے، تاہم چیف سیکرٹری نے استدعا کی کہ الیکشن کی تاریخ ترجیحاً 20 جنوری 2027 کے بعد رکھی جائے جبکہ موسم اور انتظامی سہولت کے پیش نظر انتخابات مرحلہ وار کروائے جائیں۔

حکم نامے کے مطابق انتخابات ایمانداری، انصاف اور قانون کے مطابق کرانا اور لیول پلیئنگ فیلڈ دینا کمیشن کی ذمہ داری ہے، اس لیے چیف سیکرٹری پنجاب کی استدعا مفاد انصاف میں قبول کر لی گئی۔

الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ 07 فروری 2027 کو ہوگا۔ سیکرٹریٹ کو فالو اَپ کارروائی کی ہدایت کر دی گئی۔

قبل ازیں، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری لوکل کمیشن میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت، چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پنجاب کی کابینہ کمیٹی اور الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا تھا، پنجاب حکومت نے 15 دسمبر سے 15 جنوری کے دوران الیکشن کرانے کا کہا تھا۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ ہماری بلدیاتی الیکشن کی تیاری مکمل ہے، درخواست ہے کہ انتخابات کے لیے 20 جنوری کے بعد کی تاریخ دی جائے، ہمیں الیکشن تیاری کے لیے دو ماہ چاہئیں۔

درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ پنجاب اور لاہور میں دسمبر میں بہت دھند ہوتی ہے، 20 جنوری کے بعد موسم کھل جاتا ہے، اسٹاف کے لیے انتظامات کے حوالے سے دسمبر بہت تکلیف دہ ہوتا ہے۔

ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ آپ تو اپریل کا الیکشن کہہ رہے تھے۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ ہم نے دوبارہ سوچا کہ جنوری اور فروری میں اعتراض نہیں ہے، اپریل میں ہمیں الیکشن سوٹ کرتا تھا، اپریل میں اسکول کی چھٹیاں ہوتی ہیں، سردی میں دن بھی بہت چھوٹا اور ووٹر نہیں نکلتا جبکہ اپریل میں روشنی کا پورا دن ملتا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ 20 جنوری کی درخواست پر غور کریں گے، اس کے بعد الیکشن تاریخ کا اعلان کر دیں گے۔ چیف الیکشن کمشنر نے چیف سیکرٹری سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ بسنت تو ویسے آپ منا رہے ہیں۔

پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن سے 20جنوری کے بعد بلدیاتی انتخابات کروانے درخواست کی، جس پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

دوسری جانب، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول جاری کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی عرصہ دراز سے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کروانے کی آئینی و قانونی جمہوری جہدوجہد کر رہی تھی۔ جماعت اسلامی اسلام آباد اور پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔