امریکی انتخابات میں جتنی دھاندلی ہوتی ہے اس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا، ٹرمپ کا دعویٰ

امریکا ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائی کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، صحافیوں سے گفتگو


ویب ڈیسک November 06, 2026

 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی انتخابات میں اتنی زیادہ دھاندلی ہوتی ہے کہ اس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا تاہم انہوں نے اس موقع پر اپنے دعوے کے حق میں کوئی مخصوص ثبوت پیش نہیں کیا۔

اوول آفس میں گفتگو کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائی کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور اس کی فوجی تیاریاں مکمل ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ممکن ہوا تو وہ ایران کے باقی ماندہ حصے کو تباہ کرنے سے گریز کرنا چاہیں گے، تاہم ممکن ہے کہ انہیں ایسا کرنا پڑے۔

ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران کے معاملے میں مزید کارروائی کی ضرورت پیش آئی تو امریکی فوج اس کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے بظاہر فوجی کارروائی کے امکان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس راستے سے بچنا چاہیں گے، لیکن حالات انہیں ایسا کرنے پر مجبور بھی کرسکتے ہیں۔

امریکی صدر نے وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کی کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ انہوں نے شاندار کام کیا ہے۔ ٹرمپ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران جنگ سے نمٹنے کے حکومتی طریقۂ کار اور اس کے سیاسی اثرات پر امریکا میں بحث جاری ہے۔