پشاور:
پشاور کے علاقے حیات آباد میں فائرنگ کے واقعہ میں نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور رکن قومی اسمبلی نور عالم خان کے بھانجے فہد خان جاں بحق ہوگئے، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔
پولیس کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا فہد ولد شاروم سکنہ کافور ڈھیری کو نادرا دفتر کی پارکنگ میں قتل کیا گیا، پارکنگ کے کیمروں سے ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے 8 خالی خول برآمد کرلیے۔
مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ واقعے کے اصل حقائق جاننے اور ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے مختلف پہلوؤں پر جامع تفتیش جاری ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان کے بھانجے اور نادرا کے ڈپٹی ڈائریکٹر فہد خان پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ڈپٹی ڈائریکٹر فہد پر فائرنگ کا واقعہ نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے، دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
دریں اثنا واقعہ کی سی سی ٹی وی سامنے آگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مقتول گاڑی سے اتر کر روڈ کراس کر رہے تھے کہ دو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کردی، فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔