پنجاب کے شہر گجرات میں کوٹلہ ارب علی خان میں مدرسے میں زیرتعلیم کمسن بچوں پر قاری کی جانب سے وحشیانہ تشدد کا واقعہ سامنے آگیا۔ قاری ابوبکر صدیق بچوں کے ہاتھوں پر ڈنڈے برساتا، بالوں سے پکڑ کر لاتوں، مکوں اور تھپڑوں سے تشدد کرتا رہا۔ بچوں پر تشدد کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
ویڈیوز وائرل ہونے پر پولیس نے اپنی مدعیت میں قاری ابوبکر صدیق کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
ڈی پی او فیصل شہزاد کا کہنا ہے کہ بچوں پر تشدد میں ملوث ملزم کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ بچوں کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، تشدد کے واقعات پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
ڈی پی او کے مطابق مدرسے میں بچوں پر مبینہ تشدد کے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔