راولپنڈی:
اسلام انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل لاؤنج میں گھسنے والا بندر بے ہوش کرکے قابو کیے جانے کے دوران ٹرمینل بلڈنگ کی بلندی سے گر کر زخمی ہونے کے بعد طبی امداد فراہم کرنے کے دوران دم توڑ گیا۔
ایئرپورٹ حکام نے وائلڈ لائف عملے کو بندر کو پکڑنے کے لیے طلب کیا تھا اور کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد بندر کو دودھ میں بے ہوشی کی دوا دے کر پر قابو کرنے کی کوشش کی گئی تاہم مدہوشی کی حالت میں بندر بلڈنگ سے گر کر زخمی ہوا اور دوران علاج دم توڑ گیا۔
اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجرز اٹک رضوانہ عزیز کے مطابق بندر بے ہوش ہونے کے بعد بلندی سے گر کر زخمی ہوا جس کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، وائلڈ لائف عملے نے بندر کو پکڑنے کے لیے دودھ میں بے ہوشی کی دوا ملا کر ٹریپ استعمال کیا۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق ایئرپورٹ لاؤنج میں بندر کی مٹرگشت کے دوران مسافر محظوظ رہے تھے اور بندر کے دوبارہ آنے پر وائلڈ لائف عملے کو طلب کیا گیا تھا۔
اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجرز اٹک کے مطابق وائلڈ لائف ٹیم نے بندر کو ایس او پی کے مطابق بے ہوش کرنے کے بعد ریسکیو کرنے کی کوشش کی لیکن بندر بلندی سے گر کر زخمی ہوا اور طبی امداد فراہم کرنے کے دوران دم توڑ گیا۔ بعدازاں وائلڈ لائف ٹیم بندر کو لیکر ایئرپورٹ سے روانہ ہوگئی۔