شاعر مشرق، مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کا 149 واں یوم ولادت آج منایاجا رہا ہے، شاعر مشرق کے یوم پیدائش پر ملک بھر میں عام تعطیل ہے اور یوم اقبال کے حوالے سے تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔
علامہ محمد اقبال بیسویں صدی کے عظیم شاعر، مصنف، قانون دان، سیاستدان اور تحریک پاکستان کی اہم شخصیات میں سے ایک تھے۔ ان کی شاعری آج بھی لہو گرما دیتی ہے۔
شاعر مشرق، مفکرپاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کوسیالکوٹ میں پید اہوئے۔ ابتدائی تعلیم آبائی شہر اور لاہور سے حاصل کرنے کے بعد 1905 میں برطانیہ سے وکالت اوربعد میں جرمنی سے فلسفہ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری بھی حاصل کی۔
ڈاکٹرعلامہ محمد اقبال نے 1910 میں وطن واپسی کے بعد شاعری کے ذریعے فکری اور سیاسی طور پرمنتشر مسلمانوں کو خواب غفلت سے جگایا، سیاستدان کی حثیت سے ان کا سب سے بڑا کارنامہ نظریہ پاکستان کی تشکیل ہے، یہی نظریہ بعد میں پاکستان کی قیام کی بنیاد بنا۔
علامہ محمد اقبال کی شاعری نے ہندوستان کے مسلمانوں میں نئی روح پھونکی۔ انہیں نوجوانوں سے بڑی امیدیں وابستہ تھیں، علامہ اقبال نے نوجوانوں کو شاہین اورعقاب جیسے القابات سے بھی پکارا۔
علامہ اقبال کو دور جدید کا صوفی سمجھا جاتا ہے، شاعری میں بنیادی رجحان تصوف اور احیائے امت اسلام کی طرف تھا۔ ان کے فلسفے کی پوری دنیا معترف ہے۔ ان کی شاعری کے مجموعوں میں بانگ درا، زبور عجم، بال جبریل، ضرب کلیم، جاوید نامہ اور پیام مشرق مشہورہیں۔
مصورپاکستان علامہ اقبال 21 اپریل 1938 کو لاہور میں خالق حقیقی سے جاملے،انہیں بادشاہی مسجد کے پہلو میں دفن کیا گیا۔
علامہ اقبال کے مزار پر تبدیلی گارڈز کی پرُوقار تقریب
محمد اقبال کے 149ویں یومِ ولادت کے موقع پر تبدیلی گارڈز کی پرُوقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک بحریہ کا چاق و چوبند دستہ نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے پاکستان نیوی کے اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور مصباح الامین مہمان خصوصی تھے.

پاکستان رینجرز اور پاک بحریہ کے دستوں کا معائنہ کیا گیا. پاکستان رینجرز پنجاب کا دستہ مزار پر اپنے فرائض سے سبکدوش ہو کر رخصت ہوا. گارڈز کی تعیناتی کے بعد قومی شاعر کے مزار پر چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف، پاک بحریہ کے افسران، سیلرز اور نیوی سویلینز کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی گئی.
پاکستان نیوی کے اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور مصباح الامین نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے کلمات قلمبند کیے۔