کراچی:
کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران زخمی حالت میں گرفتار ہونے والے دو زخمی ملزمان سمیت 7 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی اور موٹر سائیکلیں برآمد کرلی گئیں۔
پولیس کے مطابق پہلا مبینہ مقابلہ کلفٹن بلاک 2 میں بوٹ بیسن پولیس اور ملزمان کے درمیان پیش آیا، جہاں کارروائی کے دوران تین ملزمان نعمت اللہ، جہانزیب اور اعجاز کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے 9 ایم ایم اور 30 بور کے پستول، 6 موبائل فونز اور بغیر نمبر پلیٹ کی موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔
دوسری کارروائی منگھو پیر پولیس نے محمد خان کالونی میں کی، جہاں مبینہ مقابلے کے بعد زخمی حالت میں ایک ڈاکو سمیت تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے زخمی ملزم کی شناخت فیضان جبکہ دیگر گرفتار ملزمان کی شناخت ذوہیب اور عبداللہ کے نام سے کی ہے۔
زخمی ملزم کو اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ دیگر دونوں ملزمان کو تھانے منتقل کردیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے دو پستول، موبائل فونز، نقد رقم اور دو موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں۔
ادھر ابراہیم حیدری پولیس نے کورنگی جمعہ پلیہ کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت عبدالغفار کے نام سے ہوئی، جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے پستول، موبائل فون، نقد رقم اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔
پولیس حکام کے مطابق تینوں کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 7 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، جن کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔