پاکستان ایل پی جی مارکیٹ ایسوسی ایشن نے 16 نومبر کی ہڑتال واپس لے لی ہے۔ گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کی یقین دہانی پر ہڑتال واپس لینے کا اعلان گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا گیا۔
اس موقع پر گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ حالیہ گلف وار کی وجہ سے خطے میں بے چینی ہے، خاص کر توانائی کا شعبہ زیادہ متاثر ہے، اس وجہ سے معیشت متاثر ہوئی ہے، ایل پی جی شعبے سے وابستہ افراد کرائسس کا شکار ہیں، یہ شعبہ ابتری کا شکار ہے۔
ایل پی جی ایسوسی ایشن کے نمائندے حیدر علی نے کہا کہ ہم نے گورنر سندھ سے اپیل کی کہ ایل پی جی سیکٹر اور وفاق کے درمیان پل کا کردار ادا کریں، ہم گورنر سندھ کی اس مسئلہ پر وفاقی حکومت سے رابطے اور حل کرانے کی کوشش کی یقین دہانی پر 16 نومبر کی ہڑتال واپس لیتے ہیں۔پریس کانفرنس میں گورنر سندھ نہال ہاشمی نے وزیر مملکت کھیل داس کوہستانی کے ہمراہ دیوالی کا کیک کاٹا اور ہندو برادری کو مبارکباد دی۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دیتا ہوں، بابائے قوم کے اقوال کے مطابق تمام اقلیتیں پاکستان کے شہری ہیں، تہوار خوشیوں کے لیے ہوتا ہے، قائد کے ملک کے رہنے والوں نے ثابت کیا وہ اس ملک میں اچھے سے رہ رہے ہیں، ہم سوچتے ہیں ملک میں مہنگائی کا ذمہ دار کون ہے۔
ہم نے دیکھا اس کا ذمہ دار وہ جو لوگوں کو جنگ میں جھونک رہا ہے، وہ قوتیں جو بچوں سے خوشیاں چھین رہے ہیں وہ اس کے ذمہ دار ہیں، آج کا اجتماع بڑا ہی خوبصورت ہے، ہم نے جو وعدے کیے وہ پورے کیے، قائداعظم کے جانشین نواز شریف نے تمام وعدے پورے کیے، جہاں اقلیت محفوظ نہیں وہاں دیوالی نہیں ہوتی ظلم ہوتا ہے، وہاں لوگوں کے گھروں کو جلایا جاتا ہے، موجودہ حکومت خطے کو امن دینا چاہتی ہے، حکومت پاکستان نفرتوں کو دور کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔
وزیر مملکت کھیل داس کوہستانی نے کہا کہ نواز شریف نے ہمارے بچوں کا مستقبل سنوارا، نواز شریف کی اقلیتوں سے محبت کی وجہ سے میں مسلم لیگ میں شامل ہوا، کسی دوسرے لیڈر میں یہ کوالٹی نہیں ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی طرف گامزن ہے۔
گورنر سندھ اور اہلیہ نے ہندو برادری کے ساتھ مل کر دیوالی منائی مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی، یہی آئین پاکستان کہتا ہے اقلیتوں کو تحفظ کا احساس ہے، پاکستان جنگ نہیں چاہتا، ہماری ایٹمی طاقت عوام کے تحفظ کے لیے ہے۔
صدر مسلم لیگ ن بزنس فورم اشتیاق بیگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج چھٹی کا دن ہے گورنر چاہتے تو آرام کر سکتے تھے مگر انہوں نے آج یہ پروگرام منعقد کیا، میاں نواز شریف نے بھی ایک بار کراچی میں دیوالی منائی تھی، پاکستان مسلم لیگ ن کی لیڈرشپ اقلیتوں سے بہت محبت کرتی ہے، گورنر نے میاں نواز شریف کی روایت کو برقرار رکھا ہے، جب کراچی جل رہا تھا بھتے کی پرچیاں مل رہی تھیں سرمایہ باہر جا رہا تھا، نواز شریف کراچی میں امن لے کر آئے، گورنر ہاؤس کے دروازے آج سب کے لیے کھلے ہوئے ہیں۔