تربیلا توسیعی پن بجلی منصوبہ؛ کھدائی کے دوران چٹان گرنے سے پانی پاور ہاؤس میں داخل

پانی نکالنے کا عمل جاری، ٹنل نمبر 5 منہدم ہونے کی اطلاعات غلط ہیں، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، واپڈا



صوابی:

تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی منصوبے ٹی فائیو پاور پراجیکٹ کا حفاظتی بند ٹوٹ گیا اور پانی ٹنل فائیو میں داخل ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق پیر کی دوپہر بند ٹوٹنے کے بعد ٹی فائیو پراجیکٹ میں کام کرنے والے تمام غیر ملکی اور پاکستانی ورکرز کو بحفاظت نکال لیا گیا تاہم منصوبے پر غیر معینہ مدت تک کام بند کر دیا گیا۔

ٹنل میں پانی بھرنے سے ایک پاکستانی ورکر ڈوب گیا تاہم اسے بحفاظت نکال لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق بند ٹوٹنے کی تحقیقات جاری ہیں۔

دریں اثناء واپڈا ترجمان کے مطابق تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے پر کنکٹنگ ٹنل کے سیکنڈ بنچ کی کھدائی کے دوران چٹان کا ایک کمزور حصہ گر گیا، جس کے باعث پانی ان ٹیک پٹ سے ٹنل اور پاور ہاؤس میں داخل ہو گیا۔ تمام ورکرز کو فوری طور پر بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ ان ٹیک پٹ سے پانی مکمل طور پر نکالا جا چکا ہے، زیریں جانب واقع ورک سائٹس پر مزید پانی داخل نہیں ہو رہا۔ زیرتعمیر پاور ہاؤس سے بھی پانی نکالنے کا عمل شروع کیا جا چکا ہے۔

ترجمان کے مطابق واپڈا کے سینئر آفیسرز، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹر صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں، پراجیکٹ کی مین ٹنل، زیر تعمیر پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ اور سوئچ یارڈ کو بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

مزید برآں تربیلا ڈیم کے حکام کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا ڈیم سے پانی کا اخراج تقریباً 150,000 کیوسک سے زائد چوبیس گھنٹے جاری رہنے کا امکان ہے۔ تمام متعلقہ اداروں، ضلعی انتظامیہ اور عوام الناس کو ہدایت کی گئی ہے کہ ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں، دریائے سندھ کے کنارے جانے، دریا میں نہانے، تیراکی اور کشتی رانی سے اجتناب کریں۔ بچوں کو دریا اور ندی نالوں کے قریب نہ جانے دیں۔ مویشیوں کو پانی کے تیز بہاؤ والے علاقوں سے دور رکھیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ انتظامیہ کو اطلاع دیں۔

ٹنل سے مئی تک پیدوار متوقع، 1500 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی

دریں اثنا ٹنل سے مئی 2027ء تک پیداوار شروع ہونے کا عمل متوقع ہے، تربیلا پانچواں توسیعی پن بجلی منصوبہ اگست 2021ء میں شروع ہوا جس سے 1530 میگا واٹ بجلی پیدا ہو گی، 510 میگا واٹ صلاحیت کے 3 یونٹس لگیں گے۔

ذرائع کے مطابق تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے کی منظور شدہ پی سی ون کی تخمینہ لاگت 82 ارب تھا، 2025ء تک منصوبے پر 128 ارب روپے خرچ ہوئے، جنوری 2026ء تک ٹنل فایئو پر 153 ارب خرچ ہو چکے ہیں۔۔