کراچی:
پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ نے انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت موصولہ خفیہ اطلاع پر ایک کارروائی میں بلوچستان سے کراچی منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناکر 51 کلوگرام چرس برآمد کرلی۔
کسٹمز حکام کے مطابق آر سی ڈی ہائی وے سے گاجروں کی آڑ میں منشیات کراچی اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی جس کی مالیت 23 کروڑ 95 لاکھ روپے ہے، مزدا ٹرک رجسٹریشن نمبر ٹی کے ٹی 358 کے خفیہ خانوں سے منشیات برآمد ہوئی۔
حکام نے مزدا ٹرک کے ڈرائیور محمد قاسم کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا جس کا تعلق قلعہ عبداللہ سے ہے، کسٹمز حکام کی جانب سے ابتدائی تحقیقات کے دوران اس بات کی نشاندہی ہوئی ہے کہ مذکورہ منشیات بلوچستان کے علاقے گلستان سے کراچی منتقل کی جارہی تھیں۔
حکام نے برآمد منشیات اور مزدا ٹرک ضبط کرکے مقدمہ درج کرلیا اور منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک، مالی معاونین اور کراچی میں ممکنہ وصول کنندگان کی نشاندہی کے لیے تحقیقات شروع کردیں۔.