ایک فرد کے لئے پورے ملک کو تباہ و برباد کیا جا رہا ہے شاہ محمود قریشی

مسئلہ اب نواز شریف کی ذات سے آگے بڑھ چکا ہے، اب اس آگ نے پورے پاکستان کو اپنی لپیٹ میں لے لینا ہے، رہنما تحریک انصاف


ویب ڈیسک August 31, 2014
مظاہرین پر پولیس گردی کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لئے مشاورت کر رہے ہیں، شاہ محمود قریشی۔ فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے ڈپٹی چیرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز نہتے لوگوں پر جو پولیس گردی کی گئی اس کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لئے مشاورت کر رہے ہیں۔

ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے ہدایت دی ہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں آزادی اور انقلاب مارچ کے شرکاء پر جو پولیس گردی کی گئی اور ان پر شیلنگ کی گئی اور ربڑ کی گولیاں فائر کی گئیں ان کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لئے قانونی چارہ جوئی کی جائے، ایف آئی آر درج کرانے کے لئے معلومات اکٹھی کر رہے ہیں اور اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کرائیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پولیس کی جانب سے خواتین اور بچوں کے ساتھ ساتھ میڈیا کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا، پولیس والوں نے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شفقت محمود اور عارف علوی کی گاڑیوں پر بھی حملہ کیا جب کہ میں کل سے 3 بار عمران خان کے پاس کنٹینر میں جانے کی کوشش کر چکا ہوں لیکن ہمیں پولیس کی جانب سے آگے جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ انھوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف میری بات سن رہے ہیں تو ان سے کہتا ہوں کہ خدارا تو اس طوفان بدتمیزی کو بند کرنے کا حکم دیں اور فورا پولیس کو پیچھے ہٹنے کا حکم دیں۔ عوام مشتعل ہیں اور پولیس کی وردی کو دیکھ کر ان کے غصے میں اضافہ ہو جا تا ہے، عوام سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ سیکیورٹی اہلکاروں پر تشدد سے گریز کیا جائے۔

تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو دیکھنا چاہیئے کہ یہ مسئلہ ان کی ذات سے بڑھ چکا ہے، یہ آگ پھیل رہی ہے، اس نے پورے پاکستان کو اپنی لپیٹ میں لے لینا ہے، وہ سیاسی جماعتیں جو پہلے لاتعلق تھیں اب وہ بھی اظہار ہمدردی کر رہی ہیں، آپ دیکھ رہے ہیں کہ پیپلز پارٹی کے رویے میں بھی تبدیلی آ رہی ہے، انھوں نے بھی اس سارے تشدد کی مذمت کی ہے اور امین فہیم نے بھی کہا ہے کہ نواز شریف صاحب کو ہٹ جانا چاہیئے، آج ہر طرف سے آواز آ رہی ہے کہ ایک شخص کی ذات پر پورے پاکستان کو تباہ و برباد کیا جا رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں